
لاہور :- صوبے بھر کے مائن مزدوروں کے بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے منصوبے کے تحت پنجاب کے ضلع سرگودھا کے پہاڑی مزدوروں کے قریب 1200 بچوں میں تعلیمی وظائف کی تقسیم کی۔
صوبائی نگران وزیر ابراہیم مراد کا اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کانکنان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کانکنان کو فلاحی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ صوبے بھر کی مائنز میں دن رات محنت کرنے والے مزدور ہمارا اثاثہ ہیں اور ان کا معیارِ زندگی بہتر کیے بغیر مائن سیکٹر کی ترقی ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے اور اگر محکمہ مائن و معدنیات کو درست سمت میں مکمل استعداد کے مطابق چلایا جائے تو یہ محکمہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ صوبائی نگران وزیر ابراہیم مراد نے بتایا کہ پرائمری کلاس سے پوسٹ گریجویٹ کلاسز تک طلبا و طالبات کیلئے 18 ملین روپے کے وظائف تقسیم کیے گئے ہیں۔ مائینز کمشنر پنجاب ریاض احمد چوہدری نے صوبائی وزیر مائن و معدنیات کو کانکنان کے مختلف جاری اور نئے فلاحی منصوبہ جات کے حوالے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کانکنان کو انکے تمام حقوق کی انکی دہلیز پر فراہمی مائینز لیبر ویلفیئر کمشنریٹ کا نصب العین ہے. مائینز کمشنریٹ پنجاب کی پوری ٹیم ہمہ وقت کانکنان کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلیے کوشاں ہے. ایک اور موقع پر صوبائی نگران وزیر ابراہیم مراد نے ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین سے تعزیت کی اور حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی جلد از جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔