
خواتین کی پر شعبہ زندگی میں نمائیندگی ضروری،انکی شمولیت کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ ڈاکٹر مسعود شیخ
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین جرنلسٹ کو نمایاں کامیابی پر ایوارڈ دیئے گئے۔ ڈاکٹر سعید الہی

جنرل کیڈر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گورنر ہاوس لاہور میں ویمن ایمپاورمنٹ پر قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب جناب بلیغ الرحمن نے کہا کہ بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی کے واقع میںحقائق کو بری طرح مسخ کرکے غلط رخ دینے کی کوشش کی گئی ہے تاہم حکومت پنجاب ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ایک مربوط نظام ترتیب دے رہی ہے۔ حکومت تمام خواتین بالخصوص صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی خواہشمند ہے اس سمت مثبت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔صحافیوں کوبھی اپنی خدمات سرانجام دیتے ہوئے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کا احساس کرنا چایئے ،سنسنی خیز صحافت کی بجائے حقائق پر مبنی صحافت کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کالونیوں میںخواتین کو مناسب نمائیندگی دی جانی چایئے، دفاتر کے ماحول کو مزید بہتربنانا بھی ضروری ہے۔ اس موقع پر جنرل کیڈر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مسعود شیخ نے کہا کہ ہماری تنظیم خواتین کو ہرشعبہ میں مناسب نمائیندگی دینے اور انکو معاشرہ کا مفید فرد بنانے کیلئے کوشاں ہے، حالیہ سیمینار اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو درپیش مسائل بشمول رہائش، ٹرانسپورٹیشن، تنخواہوں میںکمی اور بروقت ادائیگی،ہیلتھ انشورنس، اداروں میں نماز کیلئے جگہ، ڈے کیئر سینٹر کی فراہمی اور دوران ڈیوٹی فوتیدگی کی صورت میں معقول مالی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ایسوسی ایشن اور جنرل ہسپتال کی جانب سے خواتین صحافیوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سابق چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائیٹی ڈاکٹر سعید الہی نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب سے خواتین کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، اور انمیں کام کرنے اور ملک و قوم کیلئے خدمات سر انجام دینے کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والی 200سے زائید خواتین کا ایک جگہ جمع ہونا بذات خود ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ صحافت میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے پہلی مرتبہ انہیں سرٹیفیکیٹ اور شیلڈیں دی گئیں اور انکی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا گیا۔ تقریب سے مسرت مصباح ،پروفیسر روبینہ ذاکر، اردو اور انگریزی اخبارات اور الیکٹرنک میڈیا سے تعلق رکھنے والی خواتین کی نمائینگان ڈاکٹر نبیحہ خان، مس پرنیاخان ، ہمامیر، لیرا کی سیکٹری دیبا نے بھی خطاب کیا ۔