پاکستانتازہ ترینکاروبار

پاکستان کی زرعی معیشت میں بہتری کے لیے بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لئے پاک فوج ہماری مدد کرے۔ پاکستان کسان اتحاد کی لاہور پریس کلب میں آرمی چیف سے اپیل۔

لاہور پریس کلب میں صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان کی فوڈ سیکیورٹی نیشنل سیکورٹی کے لیے ازحد اہم ہے۔ ہماری معیشت کا دارومدار زراعت پر ہے۔ زراعت پر عدم توجہ کے باعث ملکی خوشحالی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ حکومتوں کی بد انتظامی کی وجہ سے فصلوں کی پیداواری لاگت تین گنا بڑھ گئی ہے۔ کسان کھاد کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی پر سبسڈی کے خاتمے کی وجہ سے بہت زیادہ دباؤ میں ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں کسان کو کوئی مراعات حاصل نہیں۔

تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث خوراک کی طلب اور رسد میں فرق تشویشناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے۔ زراعت پر انوسٹمنٹ لازم ہے کیونکہ زراعت کی ترقی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ زراعت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جن میں بنجر زمین کو قابلِ کاشت بنانا اور موجودہ کاشتکاری کے نظام میں اصلاحات کے ذریعے فصلوں کی پیداوار کو بڑھانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔

ہمارے ملک میں تقریباً 19 ملین ایکڑ بنجر زمین ہے کہ جس کی آبادکاری بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے لازم ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ قومی سطح پر بہتر انداز میں اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پاک فوج باقی اداروں کی معاونت کر سکتی ہے۔

ماضی میں بھی جب جب کسانوں کو مشکلات پیش آئیں، پاک فوج نے بھرپور انداز میں اپنا کردار ادا کیا۔ اسکی واضح مثال ٹڈی دل کے سنگین خطرے سے نجات دلانے میں پاک فوج کا زبردست کردار ہے۔ اگر بلوچستان میں فوج نے میرانی ڈیم سے ملحقہ علاقوں میں ہزاروں ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنا کر لوگوں میں تقسیم کیا تو باقی علاقوں میں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا۔ ایسے ہی آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے بھی پاک فوج کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

پاک فوج کی انہی صلاحیتوں کے پیشِ نظر ہم پاک فوج کے سربراہ سے اپیل کرتے ہیں کہ پاکستان کی زرعی معیشت میں بہتری کے لیے بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے اور پیداوار میں اضافے کے لیے پاک فوج ہماری مدد کرے۔ کیونکہ زراعت میں بہتری ہی پاکستان کی معیشت میں بہتری کی ضامن ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان میں زراعت کی بحالی اور بہتری کیلیے پاک فوج اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

دنیا میں ہمیں چین ، کوریا اور اسرائیل سمیت بہت سے ممالک کی مثالیں ملتی ہیں جہاں افواج نے زراعت کے شعبہ میں بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور آج انکی زراعت ترقی یافتہ اور معیشت مظبوط تر ہے۔ ہمیں بھی آج ایسی حمایت اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ اگر ہماری بنجر زمین قابل کاشت بنا دی جائے تو ہماری زرعی پیداوار دگنی ہو سکتی ہے۔ "زراعت بڑھاؤ   پاکستان بچاؤ”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button