
سابق سیکرٹری خارجہ اور انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹجک سٹڈیز (آئی ایس ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل سہیل محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط تعلقات کی تاریخ، مشترکہ مذہب اور علاقائی اور بین الاقوامی امور میں مشترکہ نقطہ نظر سے جڑی ہوئی ہیں۔ مصر کے ساتھ تعلقات مفاہمت کی یادداشت نے دونوں فریقوں کے درمیان ادارہ جاتی تعلقات کو باقاعدہ بنایا اور مستقبل میں باہمی شراکت داری کی تعمیر کے لیے ایک فریم ورک تشکیل دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناصر ہائر ملٹری اکیڈمی مصر میں اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹجک سٹڈیز اور سنٹر فار سٹریٹجک سٹڈیز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے جو تاریخی طور پر خطے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سہیل محمود نے شرم الشیخ میں COP 27 کے تاریخی معاہدے کا بھی حوالہ دیا جہاں میزبان کے طور پر مصر کا کردار اور تعاون مثالی تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔