Uncategorized
چیف جسٹس پاکستان بندیال نے ارشد شریف کے بہیمانہ قتل کا ازخود نوٹس لے لیا

منگل کو سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے صحافی ارشد شریف کے بہیمانہ قتل کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ یہ پیشرفت پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے چیف جسٹس بندیال کو ایک خط لکھنے کے تین دن بعد سامنے آئی ہے، جس میں ان سے کہا گیا تھا کہ وہ ارشد شریف کے قتل کی آزادانہ عدالتی تحقیقات کرائیں، جنہیں 24 اکتوبر کو کینیا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ ماہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا اور بعد ازاں اس حوالے سے چیف جسٹس کو خط بھی لکھا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی صحافی برادری اور بڑے پیمانے پر عوام سینئر صحافی کی موت پر شدید غم وغصے کا شکار ہیں اور وہ عدالت سے معاملے کی جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔